صبح کا جھگڑا اور جذباتی فیصلے

1730011970300 صبح کا جھگڑا اور جذباتی فیصلے والدین کی نصیحتیں رشتہ بچا سکتی ہیں 1730011970300

ایک صبح، میاں بیوی کا شدید جھگڑا ہوا۔ بیگم صاحبہ غصے میں آکر کہنے لگیں، “بس بہت ہو گیا، اب میں ایک لمحہ بھی مزید تمہارے ساتھ نہیں رہ سکتی۔”
میاں صاحب بھی طیش میں آ کر بولے، “میں بھی تمہاری شکل دیکھ کر تنگ آ چکا ہوں، آج جب دفتر سے واپس آؤں تو مجھے نظر نہ آنا، اپنا سامان اٹھاؤ اور یہاں سے نکل جاؤ۔”
یہ کہہ کر میاں صاحب دفتر چلے گئے۔

ماں کی نصیحت

بیگم صاحبہ نے فوری اپنی ماں کو فون کیا اور شکایت کی کہ وہ اب بچوں سمیت میکے واپس آ رہی ہیں، اس “جہنم” میں اب مزید نہیں رہ سکتیں۔
ماں نے تحمل سے جواب دیا، “بیٹی، بندے کی بیٹی بن کر آرام سے وہیں بیٹھو۔ تمہاری بڑی بہن بھی ایسی ہی ضد میں طلاق لے کر بیٹھی ہے، اب تم نے بھی وہی ڈرامہ شروع کر دیا ہے؟ خبردار، ادھر قدم رکھنے کی کوشش بھی کی تو۔ میاں سے صلح کر لو، وہ اتنا بھی برا نہیں ہے۔”
ماں کی سخت باتوں نے بیگم صاحبہ کو سوچنے پر مجبور کر دیا اور ان کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے۔

معافی اور گھر کی اہمیت

رونے اور دل ہلکا کرنے کے بعد، بیگم صاحبہ نے جب صبح کے جھگڑے پر غور کیا تو انہیں اپنی بھی کئی غلطیاں نظر آئیں۔ انہوں نے منہ ہاتھ دھو کر اپنے آپ کو فریش کیا اور میاں صاحب کی پسندیدہ ڈش بنانے میں جٹ گئیں۔ ساتھ ہی سپیشل کھیر بھی تیار کر لی۔ انہوں نے سوچا کہ شام کو میاں صاحب سے معافی مانگ لیں گی، کیونکہ آخرکار اپنا گھر ہی سب کچھ ہوتا ہے۔

شام کا خوشگوار ماحول

جب میاں صاحب شام کو گھر واپس آئے تو بیگم صاحبہ نے ان کا اچھے طریقے سے استقبال کیا، جیسے صبح کا جھگڑا کبھی ہوا ہی نہ ہو۔ میاں صاحب بھی بیگم کے اس رویے پر خوشگوار حیرت میں پڑ گئے۔
کھانا کھانے کے بعد جب میاں صاحب کھیر کھا رہے تھے تو کہنے لگے، “بیگم، کبھی کبھار مجھ سے بھی زیادتی ہو جاتی ہے۔ تم دل پر مت لیا کرو، آخر میں بھی ایک انسان ہوں، غصہ آ ہی جاتا ہے۔”
بیگم صاحبہ دل ہی دل میں اپنی ماں کو دعائیں دے رہی تھیں، جنہوں نے بروقت نصیحت کرکے انہیں جذباتی فیصلے سے روکا۔ ورنہ شاید ان کے جذباتی فیصلے سے گھر کا سکون برباد ہو جاتا۔


سبق: والدین کی نصیحتیں رشتے بچا سکتی ہیں

اگر والدین اپنی شادی شدہ اولاد کی ہر چھوٹی بڑی بات میں سپورٹ کرنے کے بجائے صحیح اور بروقت نصیحت کریں تو بہت سے رشتے بچ سکتے ہیں۔

Mufti Zubair Qasmi
تحریر: مفتی زبیر قاسمی
دارالعلوم دیوبند کے فاضل، اسلامی اسکالر اور IslamicQuiz.online کے بانی
📚 500+ مضامین   |   🎓 12 سال تجربہ   |   🏆 5 علمی ایوارڈز

zmshaikh33@gmail.com